Aug ۲۳, ۲۰۲۱ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیرخارجہ کا ایران اور علاقائی ممالک کا دورہ

پاکستان کے وزیرخارجہ افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور اس حوالے سے گفتگو کرنے کیلئے ایران اور علاقے کے دیگر 3 ملکوں کا کل سے دورہ کرنے والے ہیں۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کل اسلامی جمہوریہ ایران، تاجیکستان، ازبکستان اور ترکمنستان کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں ۔ اپنے علاقائی دورے پر روانہ ہونے سے قبل شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اس دورے میں افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ نے اسی سلسلے میں کل یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور علاقائی امن و امان کے حوالے سے تبادلہء خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میرا جرمنی، ہالینڈ، بیلجیئم اور ڈنمارک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ، افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا. پاکستان افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کا حامی ہے، موجودہ حالات کے تناظر میں ہم چاہتے ہیں کہ افغان شہریوں کی جان و مال اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ  افغانستان میں قیام امن نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ 90 کی دہائی کی صورتحال سے بچنے کیلئے افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے، اس نازک موڑ پر افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے عالمی برادری کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا۔

ٹیگس