Sep ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۱:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستانی ناظم الامور پاکستانی دفترخارجہ میں طلب

پاکستان نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے جسد خاکی کو ان کی وصیت کے مطابق تدفین کی اجازت نہ دینے کی مذمت کی ہے۔

پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور جموں و کشمیر میں ہندوستانی فورسز کی جانب سے حریت رہنما اور فریڈم فائٹر سید علی شاہ گیلانی کے جسد خاکی سے غیرانسانی سلوک اور فورسز کے متشدد رویے کے خلاف پاکستان کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ہندوستانی سفارت کار کو بتایا گیا کہ ہندوستان کے اقدامات عالمی انسانی قوانین اور تمام سول اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ کشمیری حریت پسند رہنما سید علی گیلانی  بدھ کی رات سری نگر میں انتقال کر گئے تھے اور ہندوستانی فورسز نے جبری طور پر صبح ہونے سے قبل ہی ان کی تدفین کرادی تھی اور کشمیر میں کرفیو نافذ کردیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کو ان کے گھر کے قریب واقع قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا اور ان کے دو بیٹوں سمیت بہت کم تعداد میں رشتہ داروں کو تدفین میں شریک ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔

ٹیگس