Sep ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
  • نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان ختم کردیا

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکورٹی خدشات کے با‏‏عث دورہ پاکستان یکطرفہ طور پر منسوخ کردیا ہے جس پر پاکستان میں شدید ردعمل سامنےآیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی تصدیق کی ہے ان کی حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے سیکورٹی الرٹ کے بعد ہماری ٹیم نے پاکستان سے واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔

 نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ پی سی بی کے لیے ایک دھچکا ہوگا جو شاندار میزبان رہے ہیں تاہم کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور ہمارے پاس اس کے سوائی کوئی چارہ نہیں تھا۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے بھی اپنی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کا تحفظ سب سے اہم ہے۔

اس سے پہلے پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے فون پر بات کرکے انہیں ہر طرح کی سیکورٹی سے متعلق یقین دہانی کرائی تھی ۔ نیوزی لینڈ کے اس فیصلے سے پاکستان میں شائقین اور کرکٹ کے موجودہ اور سابقہ کھلاڑیوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور اس فیصلے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔

 دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ دورہ ایک سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی حفاظت کے لئے ایس ایس جی اور انفینٹری موجود تھی- شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اس بات پر  بھی راضی کرنے کی کوشش کی کہ میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلے جائیں لیکن وہ اس پر راضی نہیں ہوئی۔

 انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان دہشت گردی کے خلاف جامع ادارہ رکھتا ہے تو اس دورے کو منسوخ کرنا ایک سازش ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اٹھارہ سال بعد تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کے لیے گیارہ ستمبر کو پاکستان پہنچی تھی۔نیوزی لینڈ کی ٹیم جمعہ کو راولپنڈی میں میزبان ٹیم کے خلاف پہلا میچ کھیلنے والی تھی تاہم میچ شروع ہونے سے تھوڑی دیر پہلے اس کو منسوخ کردیا گیا۔

ٹیگس