Sep ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۱:۳۶ Asia/Tehran
  • پاکستان میں اربعین حسینی کا ماتمی جلوس مختلف راستوں پر گامزن

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے علاقوں میں موبائل فون کی سروس معطل رہے گی۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں آج نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ماتمی جلوس نکالے اور مجالسِ عزا منعقد کی جا رہی ہیں، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

پاکستان  کے سب سے بڑے تجارتی شہر کراچی کے نشتر پارک سے مرکزی جلوس اپنے روایتی اور مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہو گا۔

پاکستان  کےدوسرے بڑے شہر لاہور میں بھی شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر مجالس برپا کی جا رہی ہیں اور جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر لاہور بھر میں بالخصوص مرکزی جلوس کی گزر گاہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں۔

مرکزی جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے علاقوں کو سکیورٹی کی وجوہات کی وجہ سے سیل کر دیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس کمیٹی چوک امام بارگاہ عاشقِ حسین سے برآمد ہو گا۔

جلوس رات 10 بجے امام بارگاہ قدیمیہ بنی چوک پر اختتام پذیر ہو گا، اس موقع پر چہلم کے جلوس کے ارد گرد علاقوں میں موبائل فون سروس بند کی گئی ہے۔

بلوچستان کے مرکز ی شہر کوئٹہ میں اربعین حسینی پر علمدار روڈ سے نکالے جانے والے ماتمی جلوس مختلف راستوں اور بہشت زینب  سے ہوتا ہوا مغرب کی نماز سے قبل امام بارگاہوں میں اختتام پذیر ہو گا۔

پنجاب کے ضلع ملتان میں شہدائے کربلا کے چہلم کے 9 جلوس برآمد ہوں گے اور 28 مجالس منعقد کی جائیں گی۔

ملتان میں مرکزی جلوس  ایک بجے دوپہر امام بارہ گاہ جوادیہ سے برآمد ہو گا۔

یہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا آستانہ لال شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

پاکستان بھر میں چہلم کے جلوس کی سکیورٹی کے لیے لاکھوں  پولیس اہلکار اور اسکاوٹ تعینات کیئے گئے ہیں۔

ٹیگس