ٹی ٹی پی نے وقتی طور سے جنگ بندی کا اعلان کیا
کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے نامی امن مذاکرات شروع کرنے کے سلسلے میں اسلام آباد حکومت کی کوششوں کے دوران بیس روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کے میڈیا ذرائع نے اپنے ملک کے سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکومت کی جانب سے امن مذاکرات کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے بیس روز کی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے یہ اعلان، قیام امن کے لئے مذاکرات شروع کرنے کے بارے میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے بیان کے بعد کیا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم نے جمعے کے روز اعلان کیا تھا کہ افغانستان کے طالبان گروہ کی ثالثی سے تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی کوشش جاری ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی حکومت کی جانب سے تحریک طالبان کو ہمیشہ ایک کالعدم گروہ قرار دیا جاتا رہا ہے اور اس گروہ نے پاکستان میں بہت سے دہشت گردانہ حملوں منجملہ پشاور آرمی پبلک اسکول پر حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے جس میں ایک سو بیس بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
پاکستان کے وزیر اعظم کی جانب سے مذاکرات کی دعوت پر اس ملک کے مختلف حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ اپوزیشن نے کہا ہے ٹی ٹی پی سے مذاکرات کرنے سے پہلے عمران خان کو چاہئے تھا کہ وہ پارلیمان کو اعتماد میں لیتے۔