پاکستان میں فی الفور شفاف الیکشن کا مطالبہ
پاکستان میں مولانا فضل الرحمان اور میاں شہباز شریف نے فی الفور شفاف الیکشن کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سنیچر کو لاہور میں مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف سے ملاقات کی ۔
اس ملاقات میں ملک کے سیاسی حالات اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پی ڈی ایم کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میاں شہباز شریف نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کو دوبارہ ترقی و پیشرفت کے راستے پر ڈالنے کا راستہ صرف یہ ہے کہ فی الفور شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ صرف جمعیت علمائے اسلام اف اور مسلم لیگ نون کا نہیں بلکہ ی ڈی ایم اور پاکستان کی سبھی سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے۔
میاں شہباز شریف نے عمران خان کی حکومت پر ملک کو تباہ کردینے کا الزام لگایا اور کہا کہ اس حکومت سے گلوخلاصی اب ہر پاکستانی کی آرزو بن چکی ہے۔
انھوں نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے بارے میں کہا کہ ہمیں ہر صورت میں مہنگائی کے خلاف مارچ اور اپنا سیاسی و قانونی حق استعمال کرتے ہوئے حکومت کا محاسبہ کرنا ہوگا۔