Oct ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۰:۴۷ Asia/Tehran
  • رکاوٹوں کے باوجود کالعدم تنظیم کا مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں

قومی سلامتی کمیٹی نے کہا ہے کہ پولیس کو جان و مال کے تحفظ کے لیے دفاع کا حق حاصل ہے۔

کالعدم تنظیم تحریک لبیک کا لاہور سے اسلام آباد جانے والا مارچ وزیر آباد پہنچ گیا۔ وزیر آباد شہر کے دوسری طرف دریائے چناب پر مارچ کے شرکا کو روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔ مارچ کے شرکا کو روکنے کے لیے اطراف میں خندقیں بھی کھود دی گئیں۔

وزیر آباد سے سیالکوٹ اور گوجرانوالہ جانے والے راستے بھی رکاوٹیں لگا کر بند کردیے گئے، جبکہ گوجرانوالہ میں ٹرین سروس بھی معطل ہے۔

دوسری جانب لاہور میں شاہدرہ چوک اور روڈ بلاک کرنے پر 23 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب کل پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹی ایل پی احتجاج سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

شرکا نے ٹی ایل پی احتجاج  کے دوران عوام کی جان ومال کو نقصان پہنچانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحمل کا مطلب ہر گز کمزوری نہ سمجھا جائے اور پولیس کو جان و مال کے تحفظ کے لیے دفاع کا حق حاصل ہے۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ ریاست پرامن احتجاج  کے حق کو تسلیم کرتی ہے تاہم ٹی ایل پی نے دانستہ طور پر سرکاری ونجی املاک کو نقصان پہنچایا اور اہلکاروں پر تشدد کیا، یہ رویہ قابل قبول نہیں اور قانون کی عملداری میں خلل ڈالنے کی مزید کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

کمیٹی نے ٹی ایل پی کی طرف سے ناموس رسالت کے غلط اور گمراہ کن استعمال کی شدید مذمت کی جس کی وجہ سے فرقہ واریت کو ہوا ملتی ہے اور ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھاتے ہیں، ریاست آئین و قانون کے دائرہ کار میں رہ کر مذاکرات کرے گی اور کسی قسم کے غیر آئینی اور بلا جواز مطالبات تسلیم نہیں کرے گی۔

کمیٹی نے فیصلہ کیا کے ٹی ایل پی کے ساتھ صرف آئین و قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مذاکرت کئے جائیں گے اور مزید قانون شکنی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی کسی قسم کے ناجائز مطالبات تسلیم کیے جائیں گے۔ ریاست کی حکمرانی کو چیلنج کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

ٹیگس