امریکہ دوہری پالیسی اور غلط سمت کی جانب گامزن: سینیٹر مشاہد حسین سید
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر نے کہا ہے کہ پاکستان کی پالیسی درست ہے جبکہ امریکہ غلط سمت کی جانب جا رہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاکستان کی جانب سے امریکی سمٹ میں شرکت نہ کرنے کے معاملے پر کہا کہ ہمارا قومی مفاد یہی تقاضا کرتا ہے کہ خطے کے ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھیں اور پاکستان کی یہ پالیسی درست ہے کہ کسی بلاک کا حصہ نہیں ہونگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واشنگٹن، بیجنگ کیخلاف نئی دہلی کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرے گا، امریکہ سے تعلقات میں اصل مسئلہ پاکستان کے مفادات ہیں۔
مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ جب بھی امریکہ نے پاکستان پرپابندیاں لگائیں پاکستان پر کوئی خاص فرق نہیں پڑا، تالی دونوں ہاتھ سے بجتی ہے، امریکہ اس وقت غلط سمت میں ہے، ہارورڈ یونیورسٹی کی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ٹیکنالوجی کی جنگ میں چین بہت آگے بڑھ چکا ہے۔
مشاہد حسین نے مزید کہا کہ ہندوستان نے روس سے میزائل ایس 400 لیے، ترکی نے میزائل لیے تو پابندیاں لگا دی گئیں، یہی میزائل ہندوستان نے لیے تو اس پرپابندیاں نہیں لگائی گئیں، امریکہ کی دوہری پالیسیاں ہیں۔