پیغمبر اسلام (ص) سے متعلق روسی صدر کا بیان بہت اہم ہے: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے متعلق روسی صدر کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے روس کے صدر ولادیمیر پوتین کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں گستاخی آزادی اظہار نہیں ہے۔
انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ پر کہا کہ ہم مسلمانوں خصوصاً مسلم رہنماؤں کو، اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے اس پیغام کو غیر مسلم دنیا کے رہنماؤں تک پہنچانا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ توہین رسالت (ص) سے متعلق روسی صدر کا بیان خوش آئند ہے۔
لاہور سے اپنے ایک بیان امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عالمی رہنما رروس کے صدر ولادیمیر پوتین کے بیان کی تائید کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ توہین آمیز خاکوں سے متعلق مذمتی بیان دینے پر ہم روسی صدر کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی دنیا کے رہنماؤں کو اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہوکر کام کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین نے جمعرات کو اپنی سالانہ نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پیغمبر کی شان میں گستاخی مذہبی آزادی اور مسلمانوں کے جذبات کی خلاف ورزی ہے اور پیغمبر اسلام(ص) کی شان میں گستاخی آزادی اظہار میں شمار نہیں ہوتی۔
روسی صدر پوتن نے کہا تھا کہ فنکارانہ آزادی کی اپنی حدود ہیں اور اس سے کسی دوسرے کی آزادیوں کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے۔ مذہبی شخصیات کی اہانت آمیز تصاویر ان کے چاہنے والوں کو تشدد پر اکسانے کا باعث بنتی ہیں۔
اس موقع پر روسی صدر نے چارلی ہیبڈو میگزین کے ادارتی دفتر پر پیغمبر اسلام (ص) کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور اس کے نتیجے میں میگزین کے دفتر پر حملے کا حوالہ بھی دیا۔