Dec ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۱ Asia/Tehran
  • طالبان کی رجعت پسندانہ سوچ پاکستان کے لئے خطرہ ہے: فواد چودھری

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے عبوری طالبان انتظامیہ کی رجعت پسندانہ سوچ کو پاکستان کے لئے خطرہ قرار دے دیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ  پاکستان کو انتہاپسندی سے محفوظ رہنے کے لئے لڑائی لڑنا ہوگی- ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان کی رجعت پسندانہ سوچ  پاکستان کے لئے خطرہ ہے-

انہوں نے خواتین اور لڑکیوں کے بارے میں عبوری طالبان انتظامیہ کے تازہ فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم افغانستان کے عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ کہنا کہ خواتین اکیلے سفر نہیں کرسکتیں یا ٹیکسیوں میں تنہا سوار نہیں ہوسکتیں یہ رجعت پسندانہ سوچ ہے-

پاکستانی وزیر نے طالبان کے اس فیصلے کی بھی مخالفت کی کہ لڑکیاں اسکول اور کالج نہیں جا سکتیں -ان کا کہنا تھا کہ یہ سوچ مکمل طور پر رجعت پسندانہ سوچ ہے جس کے منفی اثرات صرف افغانستان تک ہی محدود نہیں رہ سکیں گے۔

گذشتہ پندرہ اگست کو افغانستان میں طالبان کا کنٹرول ہوجانے کے بعد طالبان انتظامیہ نے خواتین اور لڑکیوں پر مختلف طرح کی پابندیاں عائد کردی ہیں۔

ٹیگس