طالبان کمانڈر کا پاکستان کو سخت انتباہ
مشرقی افغانستان میں تعینات ایک طالبان کمانڈر نے سرحدوں پر باڑ لگانے- کے معاملے میں پاکستان کو سخت خبردار کیا ہے۔
افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق، طالبان کمانڈر ثناللہ سنگین نے افغان سرحد پر باڑ لگانے کے کام کو مکمل کرنے کے بارے میں ایک پاکستانی عہدیدار کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیورنڈ لائن پر مزید باڑ لگانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ سرحدوں پر پاکستانی فوج کے کسی بھی حملے کا جواب دیا جائے گا۔
ثنا اللہ سنگین نے مزید کہا کہ سرحدوں پر باڑ لگانے کا سلسلہ اب مزید جاری نہیں رہے گا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت اعلی حکام نے کہا ہے کہ افغانستان سے ملنے والی سرحد پر باڑ لگانے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اٹھارہ سو ترانوے میں برطانوی سامراج کی جانب سے کھینچی جانے والے فرضی ڈیورنڈ لائن کو افغانستان نے پاکستان کے ساتھ رسمی سرحد کے طور پر کبھی قبول نہیں کیا ہے۔ پچھلے چند برس کے دوران پاکستان اور افغانستان کے سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان ڈیورنڈ لائن پر متعدد بار جھڑپیں بھی ہوچکی ہیں۔