پاکستان میں کورونا سے 23 افراد جاں بحق، 15 ججز کورونا میں مبتلا
Jan ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اور جان لیوا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید23 افراد انتقال کرگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 59 ہزار 343 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 7678 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
گزشتہ روز اس وبا نے مزید 23 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ جب کہ مثبت کیسز کی شرح 12.93 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 961 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
در ایں اثناء اسلام آباد ضلع کچہری کے 15 ججز کورونا میں مبتلا ہوگئے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق 15 ججز کے علاوہ دیگر 58 عدالتی اہلکار کے کورونا کا شکار ہوجانے کے بعد عدالتیں آج کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتوں میں ڈس انفیکشن اسپرے کرایا جائے گا۔