پاکستان کو ریاست مدینہ بناکے دنیا کو دکھائیں گے: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے فلاحی ریاست نہ بننے کا ذمہ دار ماضی کی حکومتوں کو قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے صحت کے نظام کو ناقص قرار دیا اور کہا کہ ملک کے پیسے والے کھانسی کا علاج کرانے کے لئے بھی باہر چلے جاتے ہیں اور غریب ملک کے اندر ٹھوکریں کھاتا پھرتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ملک لوٹنے والے بیرون ملک جاکر علاج کراتے ہیں اور انھوں نے عوام کی کبھی فکر ہی نہیں کی ۔
انھوں نے قومی صحت کارڈ پروگرام کو امیر اور غریب سبھی کے لئے مفید قرار دیا۔
عمران خان نے ماضی کی حکومتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سسٹم صرف اشرافیہ کے لئے بن کے رہ گیا تھا۔
عمران خان نے ایک بار پھر کہا کہ وہ پاکستان کو ریاست مدینہ بناکے دنیا کو بتائیں گے کہ فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی چوہتر سالہ تاریخ میں کسی نے ملک کو ریاست مدینہ بنانے کے بارے میں سوچا ہی نہیں۔