Jan ۲۸, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۶ Asia/Tehran
  • دہشتگردی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی: عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی فوج کے اہلکاروں پر دہشتگردوں کے حملے پر رد عمل کا اطہار کرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا کہ ہمارے بہادر سپاہی ہمیں دہشتگردی سے محفوظ رکھنے کے لئے مسلسل اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کوہرقسم کی دہشتگردی سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں

واضح رہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے میں پاکستانی فوج کے 10 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، حملہ 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے 10  اہلکار جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک دہشتگرد ہلاک ہوا اور متعدد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 3 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ کلیئرنس آپریشن ابھی تک جاری ہے جو کہ ملزمان کو انجام تک پہنچانے کے لیے جاری رہے گا۔

اس سے قبل 24 دسمبر کو بھی ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی اہلکار  جاں بحق ہوگئے تھے۔

رواں سال کے دوران کیچ میں سکیورٹی فورسز پر یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا حملہ ہے۔

کیچ بلوچستان کا ایران سے متصل ضلع ہے۔ یہ علاقہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تقریبا آٹھ سو کلو میٹر کے فاصلے پر جنوب مغرب میں واقع ہے۔

ٹیگس