پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا دورہ بیجنگ
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان چار روزہ دورے پر بیجنگ روانہ ہو گئے۔
عمران خان کے ساتھ چار روزہ دورہ چین پر جانے والے وفد میں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ وزیر اطلاعات و نشریات، وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی ، قومی سلامتی کے مشیر، مشیر تجارت اور معاون خصوصی سی پیک بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان چین کے وزیر اعظم اور صدر سے ملاقاتوں کے علاوہ سرمائی اولمپک کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
چـین کے دورے پر وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ روانگی سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس دورے کا مقصد چین کے ساتھ یک جہتی کا اظہار اور دونوں ملکوں کے مشترکہ منصوبوں اور تجارت کے فروغ کے ساتھ ہی پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کی راہوں کا جائزہ لینا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ دورہ چینی صدر کی دعوت پر انجام پارہا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ اس دورے میں اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات میں باہمی روابط کے فروغ پر گفتگو کریں گے۔