عمران خان چینی حکام کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے
پاکستانی وزیراعظم عمران خان چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر چین کے دورے پر ہیں۔
پاکستان کے ترجمانِ دفتر خارجہ عاصم افتخار کے مطابق وزیر اعظم عمران خان دورہ چین کے دوران سرمائی اولمپک کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران چینی صدر اور وزیراعظم کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی عمران خان کے پروگرام میں شامل ہے۔
دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے ہمہ جہتی فروغ کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ سی پیک سمیت مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے رہنما اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا دورہ، پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی سترویں سالگرہ کی یادگاری تقریبات کا اختتام ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران متعدد معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے جبکہ عمران خان بیجنگ میں چین کے ممتاز کاروباری شخصیات اور چین کے سرکردہ تھنک ٹینکس، تعلیمی اداروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔