Feb ۱۴, ۲۰۲۲ ۲۳:۰۴ Asia/Tehran
  • پاکستان، فوجی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی کوشش ناکام

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضم شدہ ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر ایک دہشت گرد کی خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق، ایک دہشت گرد نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں فوجی چیک پوسٹ میں داخل ہو کر خود کش حملہ کرنے کی کوشش کی۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد نے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور ایک گرینیڈ بھی فائر کرنے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوجی اہلکاروں نے الرٹ اور صورت حال کے لیے تیار ہوتے ہوئے مؤثر جواب دینا شروع کیا اور دہشت گرد کا بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں دہشت گرد ہلاک ہوگیا اور مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے ہتھیار اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مارے گئے دہشت گرد کی شناخت شریف کے نام سے ہوئی جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کے حملوں میں بھرپور انداز میں متحرک تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ مقامی افراد نے سکیورٹی فورسز کے مؤثر جواب پر خراج تحسین پیش کیا اور علاقے سے دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

قبل ازیں 6 فروری کو خیبر پختونخواہ کے ضلع کرم میں افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کی جانب سے کی گئی تھی اور فائرنگ کے نتیجے میں پاکستانی فوج کے پانچ جوان جاں بحق ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے بین الاقوامی سرحد کے پار ضلع کرم میں پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کی جس کا پاکستانی فوجیوں نے مناسب انداز میں جواب دیا۔

ٹیگس