شہباز شریف اور جہانگیرترین کی خفیہ ملاقات ، سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا
پاکستان میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پی ٹی آئی کے سابق سرگرم رہنما جہانگیرترین کے درمیان خفیہ ملاقات کے بعد سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی اپوزیشن کی کوششوں کے درمیان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور پی ٹی آئی کے سابق سینئر رہنما جہانگیر ترین کی خفیہ ملاقات کی خبریں سامنے آئی ہیں-
پاکستانی میڈیا کے مطابق شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں تعاون مانگ لیا ہے۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات کئی گھنٹے تک جاری رہی- میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے جہانگیر ترین کو عدم اعتماد کی تحریک کے بعد بھی آئندہ ساتھ چلنے کی پیشکش کی-
ملاقات کے تعلق سے ترین گروپ نے تصدیق کرنے سے انکار کر دیا ہے-
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والوں پر ان کے گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے- انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ عمران خان کی حکومت کو وفاق اور پنجاب میں بھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔
اس درمیان پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما حلیم عادل شیخ نے پارٹی کے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔ سندھ میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی چیئرمین نے پارٹی کے اندر اختلافات کے باعث استعفا دے دیا ہے۔