Mar ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۷:۴۳ Asia/Tehran
  • اپوزیشن لوگوں کے ضمیروں کو خرید رہا ہے: عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے حزب اختلاف کی جماعتوں پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام عائد کیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق سوات میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس اسلام آباد میں لوگوں کا ضمیر خریدنے کے لیے سندھ کے عوام کا پیسہ بوریوں میں لے کر بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام لیکر کہا کہ انہوں نے سب سے پہلے اس ملک میں ارکان اسمبلی کے ضمیر خریدنے کی ریت ڈالی تھی۔ تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد سے حزب اختلاف کے رہنماؤں کے خلاف پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا لب ولہجہ غیر معمولی حد تک سخت ہوگیا ہے۔

عمران خان نے اپوزیشن رہنماؤں کا نام لیکر خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ تیس سال تک ملک پر حکومت کرنے والوں کے منہ سے مغرب میں اسلاموفوبیا کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں نکلا۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے مغربی ملکوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ ستمبر کے بعد مسلمانوں کے خلاف مغرب میں ایک نفرت کی لہر چلی اور اسلام اور دہشت گردی کو اکٹھا کر کے یہ تاثر دیا گیا کہ گویا دہشت گردی اسلام کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغرب میں پیغمبر اسلام (ص) کی شان اقدس میں گستاخی کی گئی اور اسے آزادی اظہار کا نام دیا گیا۔

ٹیگس