پاکستان قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج، تحریک عدم اعتماد پر ہوگی گفتگو
قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11 بجے ہوگا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے جس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد 152 ارکان کی جانب سے پیش کی جائے گی۔
پاکستان کی سیاست میں فیصلہ کن گھڑی آگئی، قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس کے پندرہ نکاتی ایجنڈا میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔
عدم اعتماد کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھوچکے ہیں، اس لیے انھیں عہدے سے برخاست کر دیا جائے۔
دوسری جانب حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کے لیے اپنی حکمتِ عملی تیار کرلی ہے، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم آخر تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے اور یہ تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔
تحریک عدم اعتماد پر سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یقینی ہے، اپوزیشن جماعتوں کے نمبر گیم پورے ہیں، معالجین نے اجازت دی تو اگلی فلائٹ سے پاکستان پہنچ جاؤں گا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے باوجود حکومت کی اتحادی جماعتوں نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ مشاورت جاری ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ہم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے فیصلہ کرلیں گے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد 8 مارچ کو جمع کروائی گئی تھی اورتحریک عدم پر 147 ارکان نے دستخط کئے تھے۔