Mar ۲۸, ۲۰۲۲ ۲۰:۲۳ Asia/Tehran
  • پاکستان میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی

پاکستان کی قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی جس کے بعد اجلاس جمعرات تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کے موقع پر قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کی۔ 

اس سے قبل تحریک عدم اعتماد پر ارکان کی گنتی کی گئی، مطلوبہ تعداد پوری ہونے پر تحریک پیش کرنے کی اجازت دی گئی۔ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے قرارداد پڑھی۔ تحریک پیش ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اجلاس، اکتیس مارچ بروز جمعرات شام چار بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا۔ 

خیال رہے کہ اجلاس سے قبل متحدہ اپوزیشن کی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو  سمیت دیگر اپوزیشن رہنما شریک ہوئے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد عمران خان کو قائم مقام وزیر اعظم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کی کامیابی یا ناکامی تک عمران خان قائم مقام وزیر اعظم ہوں گے۔

ٹیگس