پاکستان میں سیاسی منظر نامہ بدلا، عمران خان نے چلی نئی چال
پاکستان کی سیاسی صورتحال میں ایک مرتبہ پھر ڈرامائی تبدیلی رونما ہوئی۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الہٰی کو صوبے پنجاب کا وزیر اعلیٰ نامزد کردیا۔
معاون خصوصی وزیراعظم فرخ حبیب نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ فرخ حبیب کے مطابق، چودھری پرویز الہیٰ کو وزارت اعلیٰ دینے کا فیصلہ آنے کے بعد عثمان بزدار نے بطور وزیراعلیٰ اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کردیا ہے۔
اس سے قبل چودھری پرویز الہی کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں تمام معاملات طے ہوگئے، جس کے بعد مسلم لیگ (ق) نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہاراور حمایت کا اعلان کیا۔
مسلم لیگ (ق) کے اعلامیہ کے مطابق، چودھری پرویز الہی کی جانب سے نامزدگی پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے منصب پر آپ کی جانب سے نامزدگی پر شکریہ کرتا ہوں، آپ کے اعتماد پر پورا اتروں گا، مسلم لیگ (ق) بطور اتحادی اپ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔