بیجنگ میں افغانستان کے پڑوسی ممالک کا اجلاس، قریشی روانہ
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک اعلی سطحی وفد کی قیادت میں آج صبح تین روزہ دورے پر چین روانہ ہوئے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان پڑوسی ممالک کے اجلاس میں حصہ لینے کیلئے دورہ چین کی روانگی سے پہلے اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے ایجنڈے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد، تہران سے ویانا مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال اور جوہری معاہدے کی بحالی کی پیشرفت پر تہران سے تبادلہ خیال کرے گا۔
شاہ محمود قریشی نے آج منگل کی صبح اسلام آباد سے بیجنگ روانگی سے پہلے ایک ویڈیو پیغام میں افغان پڑوسی ممالک کے اجلاس کی سائڈ لائن پر ایران اور روس کے وزرائے خارجہ سے دو اہم ملاقاتوں کے منصوبے کا ذکر کیا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے پہلے سے طے شدہ ملاقات میں علاقے کی سلامتی کی صورتحال ،افغانستان کے مسئلے، ویانا مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال اور جوہری معاہدے کی بحالی کی پیشرفت پر ہونے والی کوششوں پر گفتگو کی جائے گی۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ افغان پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کے تیسرے اجلاس کے علاوہ، ٹرائیکا پلس کے دو اجلاسوں میں چین، امریکہ، روس اور پاکستان کے نمائندوں کے علاوہ پاکستان، چین اور طالبان کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس منعقد ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد آج صبح تین روزہ دورے پر چین روانہ ہوا ۔
جبکہ باخبر ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ، دورہ چین کے بعد روس روانہ ہوں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے 22 فروری کو پاکستانی وزیراعظم عمران خان کیساتھ ماسکو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ سمیت افغانستان اور یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔