Apr ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۹:۴۵ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیراعظم نے نوجوانوں سے احتجاج کی اپیل کردی

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے خلاف، جسے وہ امریکی سازش قرار دیتے رہے ہیں، ملک بھر کے نوجوانوں سے سڑکوں پر احتجاج کی اپیل کردی ہے۔

ٹی وی پر نشر ہونے والے عوامی رابطے کے پروگرام کے آغاز میں ابتدائی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں ملک بھر کے نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ میری حکومت ختم کرنے کی امریکی سازش کے خلاف احتجاج کریں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی نوجوانوں سے اپیل کے بعد ملک کی سیاسی صورتحال مزید دھماکہ خیز ہوگئی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ، میں یہ چاہتا ہوں کہ آپ سب احتجاج کریں، آپ سب اپنی آواز بلند کریں، میرے لیے نہیں اپنے مستقبل کے لیے، تاہم انہوں نے کہا کہ آپ کا احتجاج پر تشدد نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے ایک بار پھر اپوزیشن کی جماعتوں پر امریکی سازش میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میں وہ مراسلہ قومی سلامتی کمیٹی کے سامنے پیش کردیا ہے جس میں امریکہ نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو نہ ہٹایا تو پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات خراب ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کے لیے پارلیمنٹ کا اجلاس کل اتوار کو ہونے والا ہے جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

 پاکستان کی اپوزیشن نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو قانونی اور آئینی حق قرار دیتے ہوئے، کسی بھی بیرونی سازش میں ملوث ہونے کے الزامات کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔

دوسری جانب ملک کے سب سے بڑے صوبے، پنجاب میں نئے وزیر اعلی کے انتخاب کے لیے ہونے والا صوبائی اسمبلی کا اجلاس رسمی کارروائی کے بعد کل اتوار تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔

ٹیگس