کوئی بھی ملک پاکستان کی حکومت گرا سکتا ہے: عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج یہ حالات ہیں کہ کوئی بھی ملک پاکستان میں حکومت گرا سکتا ہے۔
انہوں نے گورنر ہاوس لاہور میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ اگر آج ہندوستان یہ فیصلہ کرے کہ پاکستان میں حکومت گرانی ہے تو وہ 10 سے 15 ارب روپے میں حکومت گرا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سے ماضی میں غلطیاں ہوئیں اور ہمیں اس کی بہت بڑی سزا بھگتنی پڑی، ہم نے اپنی غلطیوں سے سیکھ کر یہ فیصلہ لیا ہے کہ ہم ٹکٹس سوچ سمجھ کر ان لوگوں کو دیں گے جنہوں نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت گرانے کے لیے بہت بڑی بیرونی سازش ہوئی، ہمارے غدار ان کے ساتھ مل گئے، ان کا ساتھ دینے والے زیادہ تر لوگوں کو اس سازش کا علم نہیں تھا لیکن اچکنیں سلوانے والے ان کے بڑے اس سے واقف تھے۔
عمران خان نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غلامی تم کرو گے، یہ آزاد قوم ہے جو کسی کے آگے نہیں جھکے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں سمیت کئی لوگوں کو خرید کر آواری ہوٹل میں رکھا گیا، یہ لوگ ضمیر بیچ کر ساری قوم کے سامنے ہماری جمہوریت، سالمیت اور مستقبل تباہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان لوگوں کا پوری طرح مقابلہ کریں گے، ہم ان کے خلاف سپریم کورٹ گئے ہیں، جن لوگوں نے بیرونی سازش میں شرکت کی یہ سب غدار ہیں۔