Apr ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • پاکستان، حکومت اور اپوزیشن نے حکمت عملی تیار کرلی

سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں پاکستان کی حکومت اور حزب اختلاف دونوں نے اپنی اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

میڈیا رپورٹوں بتایا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے آئندہ کی حکمتِ عملی طے کر لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیاسی کمیٹی کے اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ عوام کا دباؤ ہے کہ امریکی مداخلت سے متعلق خط کو عام کیا جائے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وفاق، پنجاب اور کے پی سے پی ٹی آئی کے ممبران کے مستعفی ہونے پر بھی غور کیا گیا۔

دوسری جانب متحدہ حزب اختلاف نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کو سامنے رکھتے ہوئے قانونی ٹیم سے ضروری مشاورت کی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق، متحدہ حزب اختلاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی ممکنہ خلاف ورزی کا مقابلہ کرنے کے لیے جوابی حکمت علمی تیار کرلی گئی ہے۔

متحدہ حزب اختلاف کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے عہدیداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق عمل کریں کیونکہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں اگر گڑبڑ ہوئی تو وہ توہین عدالت ہو گی۔ پاکستان کی سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق، وزیراعظم عمران خان کے خلاف حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کے لیے پارلیمنٹ کا اجلاس کل بروز ہفتہ طلب کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز پاکستان کی سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں متحدہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے بارے میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے، قومی اسمبلی اور کابینہ دونوں کو بحال کر دیا تھا۔

ٹیگس