Apr ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۰:۳۳ Asia/Tehran
  • وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب، عمران خان وزیراعظم  نہیں رہے 

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی ہے۔ 

پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوگئی۔ عمران خان اب وزیراعظم پاکستان نہیں رہے۔ 

تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ کے لیے منعقدہ قومی اسمبلی کا اجلاس نمازِ عشاء کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا جو 9 اپریل کی ڈیڈ لائن سے کچھ دیر قبل دوبارہ شروع ہوا تھا۔ 

اجلاس شروع ہوتے ہی اسد قیصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایوان کی کارروائی پینل آف چیئر کے ممبر ایاز صادق کے سپرد کردی۔

ایاز صادق نے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے ووٹنگ پر عمل شروع کروادیا۔ 

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتوں کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے استعفیٰ دیدیا۔ 

پینل آف چیئر کے ممبر ایاز صادق نے ایوان کی کارروائی شروع کی تو انہوں نے تحریک عدم اعتماد پڑھ کر سنائی۔ 

انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق 9 اپریل کو ہی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ شروع کرواتے ہی اجلاس کو 10 اپریل رات 12 بجکر 2 منٹ تک یعنی چار منٹ کے لیے ملتوی کیا۔ 

اس قلیل مدت کے لیے ملتوی ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس ایک مرتبہ پھر شروع ہوا تو اس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبولﷺ کا تحفہ پیش کیا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر اعظم عمران خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی ہے۔ 

ٹیگس