عمران خان پر شہباز شریف کا الزام
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے توشہ خانے کے تحائف دبئی میں فروخت کئے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف لے کر بیرون ملک فروخت کئے ہیں۔ شہباز شریف نے یہ بات وزیر اعظم ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے یہ تحائف چودہ کروڑ روپئے میں دبئی میں فروخت کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان قیمتی تحائف میں ہیرے کے زیورات، بریسلٹ اور گھڑیاں شامل ہیں۔
شہباز شریف نے پیر کی رات وزارت عظمی کا حلف اٹھایا تھا تاہم ابھی تک ان کی کابینہ کے ارکان کے ناموں کا اعلان نہیں ہوسکا ہے۔ کسی بھی وقت ان کی کابینہ کے ارکان کے ناموں کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ شہباز شریف نے عمران خان کی جگہ وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالا ہے جنہیں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔