Apr ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۱ Asia/Tehran
  • پنجاب اسمبلی میں زبردست ہنگامہ آرائی، وزارت اعلیٰ کے امیدوار چودھری پرویز الٰہی زخمی

پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران چودھری پرویز الٰہی زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی اور جھگڑے کے دوران وزارت اعلیٰ کے امیدوار چودھری پرویز الٰہی زخمی ہوگئے، ریسکیو اہلکاروں نے پرویز الہٰی کو طبی امداد دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے آج صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی، حکومتی ارکان نے ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری پر حملہ کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد پولیس نے ایوان میں داخل ہوکر تشدد میں ملوث ارکان کو گرفتار کرلیا۔

اس سے قبل (ن) لیگی اراکین اسمبلی کی جانب سے نعرے لگائے گئے، چودھری پرویزالہیٰ نعرے لگنے کے بعد اپنے چیمبر میں چلے گئے، جوابی حملے میں چودھری پرویز الہی کو بھی تشدد کرکے پنجاب اسمبلی سے باہر نکال دیا گیا۔

ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے شروع ہوا تو ڈپٹی اسپیکر کے کرسی پر بیٹھتے ہی تحریک انصاف کے اراکین نے ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کردیا اور ان پر لوٹوں کی بارش کر دی۔ حکومتی اراکین اسمبلی نے ایوان میں لوٹے لہرادیے۔

ٹیگس