عمران خان کا بڑا دھماکہ، چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے جا رہے ہیں
پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کو نااہلی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بنی گالا میں اپنی رہائش گاہ پر یوٹیوبرز اور متعدد رپورٹرز سے خصوصی ملاقات میں یہ بات کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کی بہت سے باتوں کا علم ہے مگر کوئی ایسی بات نہیں کہوں گا جس سے ملک کو نقصان پہنچے، ہمارے لیے مضبوط فوج بے حد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ کے بارے میں کوئی ایسی بات نہیں کروں گا جس سے پاکستان کی فوج کو نقصان ہو۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈلاک پیدا ہوگیا تھا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا نام اسٹیبلشمنٹ نے دیا تھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے جارہے ہیں، الیکشن کمیشن نے بروقت حلقہ بندیاں نہ کر کے نااہلی کا مظاہرہ کیا، الیکشن کمیشن کی نااہلی کے باعث ملک میں قبل از وقت انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے۔
عمران خان نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کرنا غلطی تھی، ہمیں غیر ضروری طور پر عدالت سے محاذ آرائی نہیں کرنی چاہیے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کو ڈیڈلاک کے خاتمے کی درخواست نہیں کی، اسٹیبلشمنٹ نے ہماری سینئر قیادت سے ملاقات کے بعد 3 آپشنز پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ آخری رات اینکرز اور پارٹی اراکین کے سوا کسی سے ملاقات نہیں ہوئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میری حکومت کی خارجہ پالیسی میرے ملک کے لوگوں کے لیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف اس وقت سازش ہوئی جب چیزیں ٹھیک ہو رہی تھیں، ہمارے خلاف کرپشن یا کوئی اسکینڈل نہیں آیا، کوئی ڈیل کی ہے تو بتائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فرح خان کے حوالے سے کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ روس کے دورے سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ کو فون کرکے ان کی رائے لی کہ کیا اس صورت حال میں بھی دورہ ہونا چاہیے تو جنرل باجوہ نے رائے دی کہ دورہ کرنا چاہیے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس دن روس کے دورے پر جانا تھا، اس صبح کو بھی آرمی چیف سے بات ہوئی، انہوں نے کہا ہم نے بھی مشاورت کر لی ہے، روس کا دورہ کرنا چاہیے۔