پاکستان، جھڑپوں میں 2 سیکورٹی اہلکار جاں بحق
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں دو سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس پر فوج کے جوانوں نے فوری جوابی کارروائی شروع کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے دو سپاہی جا بحق ہوگئے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی کلیئرنس کی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا کہ پاکستانی فوج دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر افسروں اور سپاہیوں کی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ 12 اپریل کو خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے عشام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک فوجی جوان جاں بحق ہوگیا تھا۔