Apr ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۱:۰۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری پر حملہ

پاکستان کے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری پر حملہ ہوا۔

اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں پاکستان کے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری پر حملہ کیا گیا اور نعرے لگانے والوں کی قاسم سوری سے ہاتھا پائی ہوئی۔

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں اندراجِ مقدمہ کی درخواست دی ہے۔

قاسم سوری کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ آج دوستوں کے ساتھ کوہسار مارکیٹ سحری کے لیے گیا تھا، رات 12 بج کر 50 منٹ پر 15، 20 لوگ وہاں آ گئے اور پی ٹی آئی کے خلاف نعرے لگانے لگے۔

درخواست میں سابق ڈپٹی اسپیکر نے کہا ہے کہ میں ان لوگوں کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتا ہوں، وہ لوگ جان سے مارنے کی نیت سے ہم پر ڈنڈوں سے حملہ آور ہوئے۔

قاسم سوری کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ لوگوں نے بیچ بچاؤ کرا کے ہماری جان بخشی کروائی، جس کے بعد حملہ آور للکارتے ہوئے 3 بڑی گاڑیوں میں فرار ہو گئے۔

دوسری جانب مسجد نبویؐ کی زیارت کے موقع پر بعض افراد  نے کابینہ اراکین کے خلاف نعرے بازی کی۔ جس کی اس ملک کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے مذمت کی۔

پاکستان اور اس ملک سے باہر اب سیاسی جماعتوں کے قائدین پر نہ فقط حملے ہو رہے ہیں بلکہ ان کے خلاف نعرے بھی لگ رہے ہیں۔

پاکستان میں اگر اس قسم کی سیاست کو فروغ دیا گیا تو اس کے نقصانات سے کسی بھی سیاسی جماعت کا رہنما بچ نہیں سکے گا۔

ٹیگس