امریکا میں متعین پاکستانی سفیر کے مراسلے کی تحقیقات کامطالبہ
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے صدر اور چیف جسٹس آف پاکستان سے امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر کے مراسلے کی تحقیقات کامطالبہ کردیا۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ میں پاکستانی سفیر کے مراسلے کی تحقیقات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط میں صدر سے بطور سربراہِ ریاست اور کمانڈرانچیف افواجِ پاکستان، فوری کارروائی کی درخواست کی گئی۔ خط میں پاکستان کی خودمختاری اور جمہوریت کو لاحق مبینہ خطرے کی عوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ نے دیگر حکام کے ہمراہ پاکستان کے سفیر سے باضابطہ ملاقات کی اور اس ملاقات پر بھجوائی گئی تمام تفصیلات خفیہ مراسلے کی شکل میں آپ کے پاس ہیں ۔
عمران خان کی طرف سے لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خفیہ مراسلے کی رپورٹ میں امریکی انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ کی گفتگو واضح طور پر بیان کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ عدالتِ عظمیٰ، سازش کے کرداروں کے تعین کیلئے کمیشن بنائے جو کھلے عام معاملے کی تحقیقات کرے۔
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام سچ اور اقتدار کی تبدیلی کی بیرونی سازش میں ملوث کرداروں سے متعلق جاننا چاہتے ہیں، اورایوانِ صدر اور عدالتِ عظمیٰ کی معاملے پر خاموشی سے عوام میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے۔