مئی کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ ، عمران خان کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد مئی کے آخری ہفتے میں اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال دے دی۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ آج ہماری کور کمیٹی کی میٹنگ ہوئی، میٹنگ کے دوران پوری تفصیل میں اور پوری طرح تبادلہ خیال کیا کہ اسلام آباد میں جو کال دی اس کی نوعیت کیا ہو گی۔ میٹنگ کے دوران ہم نے فیصلہ کیا کہ مئی کے آخری ہفتے میں ہم کال دینے لگے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ میں تحریک انصاف کو نہیں سب پاکستانیوں کو کال دینے لگا ہوں اور اس لیے کال دے رہا ہوں کہ ہمارے ملک کی توہین کی گئی ہے، بیرون ملک سازش کے تحت ملک کے کرپٹ ترین لوگوں کو ملک کے اوپر مسلط کیا گیا، اس وقت وفاقی کابینہ میں 60 فیصد لوگ ضمانتوں پر ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ان تمام چیزوں کو مد نظر رکھتے ہوئے میں چاہتا ہوں کہ ابھی سے تمام لوگ تیاری کر لیں اور ہماری تیاری کا آغاز چاند رات سے ہو گا، میں نوجوانوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نے چاند رات کو بھی خاص طور پر نکلنا ہے، نوجوان جھنڈے پکڑ کر نکلیں اور ساری دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے، اور اس کے بعد ہمارا اگلا لائحہ عمل ہو گا اس کے بعد ہماری پوری تیاری ہو گی، میرا ایمان ہے اسلام آباد مارچ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہوگا اور عوام کا سمندر باہر نکلے گا۔