May ۰۲, ۲۰۲۲ ۰۱:۱۴ Asia/Tehran
  • file photo
    file photo

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں سرکاری سطح پر آج عید منانے کا اعلان کردیا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی بیرسٹر سیف نے بتایا کہ صوبے بھر سے چاند نظر آنے کی 130 شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد صوبائی حکومت نے بروز پیر دو مئی کو عید منانے کا فیصلہ کیا۔

وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے مسجد قاسم علی خان کے فیصلے اور شہادتوں کی روشنی میں بروز پیر سرکاری سطح پر عید الفطر منانے کا اعلان کیا، جس کے تحت خیبرپختونخوا میں آج مذہبی جوش و خروش سے عیدالفطر منائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان گورنر ہاوس پشاور میں عید الفطر کی نماز ادا کریں گے جبکہ کابینہ اراکین اور سرکاری حکام بھی وزیر اعلی کے ہمراہ عید کی نماز ادا کریں گے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں ایسے عالم میں کل عید منانے کا اعلان ہوا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے ماہِ شوّال 1443 ہجری کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں عید الفطر بروز منگل 3 مئی کو ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ مرکزی کمیٹی زونل کمیٹیوں سے مسلسل رابطوں میں رہی، جس کے بعد متفقہ طور پر 30 روزے پورے کرنے اور عید بروز منگل تین مئی کو منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے چاند نظر آنے کے کم امکانات کی پیش گوئی کی تھی۔

ٹیگس