May ۰۸, ۲۰۲۲ ۲۲:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان، ہنزہ میں سیلاب، وزیر اعظم کا ہنگامی اقدامات کا حکم

ہنزہ میں قراقرم ہائی وے پر واقع حسن آباد پل ہفتے کے روز شسپر گلیشیئر سے آنے والے سیلاب میں بہہ گیا تھا۔

سوشل میڈیا وائرل ہونے والی ڈرامائی فوٹیج میں دیکھا گیا تھا کہ پانی کا بڑا ریلا پل کے ایک حصے کو بہا لے جارہا ہے جبکہ وہاں موجود لوگ اپنی حفاظت کے لیے بھاگ رہے تھے۔

شیسپر گلیشیئر سے بننے والی جھیل کے پھٹنے سے مکانات، سیکڑوں کنال زرعی اراضی، درخت، واٹر سپلائی چینلز اور دو ہائیڈرو پاور پروجیکٹس بھی ڈوب گئے۔

سیلاب کے باعث وسطی اور بالائی ہنزہ کے درمیان سڑک کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے جس سے سیاحوں سمیت ہزاروں افراد دونوں اطراف پھنسے ہوئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ہنزہ میں شیسپر گلیشیئر سے گلیشیئل جھیل آؤٹ برسٹ فلڈ سے ہونے والے نقصانات پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں وزیر اعظم نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور ان کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔

انہوں نے امدادی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور ہنگامی سامان پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر اعظم شہباز نے حکام سے شاہراہ قراقرم پر پل گرنے کے باعث متبادل راستہ تیار کرنے کا بھی کہا۔

وزیر اعظم نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب کی وجہ سے زرعی اور پینے کے پانی کے نظام کے ساتھ ساتھ دو پاور پلانٹس کی تباہی کے بعد ہونے والے نقصانات کی قیمت کا تعین کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے جنگی بنیادوں پر دو پاور پلانٹس 700 میگاواٹ اور 250 میگاواٹ کی بحالی کا حکم دیا۔

انہوں نے شاہراہ قراقرم کو پہنچنے والے نقصان کی رپورٹ بھی طلب کی۔

ٹیگس