May ۱۰, ۲۰۲۲ ۲۲:۵۲ Asia/Tehran
  • عمران خان نے وزیر اعظم شبہاز شریف کو میر جعفر قرار دے دیا

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ دنوں دیے گئے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر جعفر نے مغلوں کے گورنر سراج الدولہ سے اس وقت غداری کی جب وہ انگریزوں سے لڑ رہے تھے، انگریزوں نے غداری کرنے پر میر جعفر کو حکومت دی جس طرح امریکیوں نے شہباز شریف کو اقتدار پر بٹھایا۔

جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا کا انڈر سیکریٹری ڈونلڈ لو تکبر کے ساتھ پاکستانی سفیر کو بلا کر کہتے ہیں کہ اگر پاکستان نے عمران خان کو نہیں ہٹایا تو پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی انڈر سیکریٹری کہتے ہیں کہ اگر عمران خان کو ہٹا کر چیری بلاسم کو لایا گیا تو پاکستان کو معاف کردیا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بیرونی سازش تیار کی گئی، ہماری حکومت کے خلاف سازش باہر بنتی ہے اور مقامی میر جعفر اور میر صادق اس سازش کا حصہ بن گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی سازش کے نتیجے میں 22 کروڑ عوام کے منتخب حکومت کو نکالا گیا، عوام کے منتخب وزیراعظم کی توہین کی گئی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام کرپٹ لوگ اقتدار میں آگئے ہیں اور اب عہدوں کی بندر بانٹ کر رہے ہیں، موجودہ چوروں کی حکومت میں 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، وزیراعظم شہباز شریف پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں، شریف خاندان کو 40 ارب کی کرپشن کا حساب دینا ہے، 30 سال سے ملک لوٹنے والے بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کرپشن کیسز میں مفرور شخص نواز شریف کی طلبی پر وفاقی کابینہ کا لندن جانا پاکستان کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ قوم کے پیسوں پر سزا ہافتہ مفرور شخص سے ملنے جا رہے ہیں، ایک سزا یافتہ شخص نے پوری کابینہ کو لندن بلا لیا ہے، یہ پاکستان کی توہین ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 20 مئی کے بعد اسلام آباد آنے کی کال دوں گا، پہلے میں کہتا تھا کہ 20 لاکھ لوگ اسلام آباد آئیں گے مگر عوام کا جوش و جذبہ دیکھ کر کہتا ہوں کہ 20 نہیں بلکہ 25 لاکھ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کل شہباز شریف کہتے ہیں کہ عمران خان فوج کے خلاف بات کرتے ہیں، شہباز شریف کو شرم آنی چاہیے،کچھ تو شرم کرو، شہباز شریف اصل میں ہماری قوم کے میر جعفر ہیں جو بیرونی سازش کے تحت مسلط کئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ میر جعفر وہ تھا اس نے سراج الدولہ سے غداری کی تو انگریزوں نے اسے اقتدار میں بٹھایا، شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ میر جعفر ہیں، آپ کو بیرونی سازش کے تحت ملک پر مسلط کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میر جعفر جس نے مغلوں کے گورنر سراج الدولہ سے اس وقت غداری کی جب وہ انگریزوں سے لڑ رہے تھے، انگریزوں نے غداری کرنے پر میر جعفر کو حکومت دی جس طرح امریکیوں نے شہباز شریف کو اوپر بٹھایا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے دور میں نریندر مودی کو جرات نہیں ہوئی کہ ہماری فوج کے خلاف بات کرے، ڈان لیکس کیا تھا کہ نواز شریف ہندوستان سے کہتے تھے کہ میں دوستی چاہتا ہوں، فوج نہیں، ہندوستان نے میرے اور پاکستان کی فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے لیے میڈیا کے 600 ادارے بنائے اور ان کے ذریعے پاکستان کے خلاف ڈس انفارمیشن دنیا میں پھیلائی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کا مقصد بھی پاکستان کو توڑنا ہے مگر پی ٹی آئی اور فوج کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، ہماری جماعت چاروں صوبوں کی جماعت ہے۔

ٹیگس