ہم امریکیوں کے غلام نہیں: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے کہا جاتا ہے اپنی جان کی حفاظت کرنا، آپ کی جان کو بیرونی اور اندرونی مافیاز سے خطرہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے شہر مردان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مردان کے عوام کے پاس ایک خاص مقصد پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے اسلام آباد آنے کی دعوت دینے کے لیے آیا ہوں۔
ان کا کہنا تھا آپ سب کو اسلام آباد جانے کے لیے تیار کر رہا ہوں، جب کال دوں تو آپ میرے ساتھ اسلام آباد چلیں، اسلام آباد سیاست کے لیے نہیں ایک انقلاب کے لیے بلا رہا ہوں، پاکستان کو حقیقی آزادی دلانے کی جدوجہد میں شرکت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کا اعلان نہیں کیا گیا، انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تو عوام کا سمندر ان کرپٹ حکمرانوں کو بہا لے جائے گا۔
انہوں نے کہا ایک معمولی نوکر نے پاکستان کے سفیر کو بلا کر دھمکی دی کہ اگر عمران خان کو نہیں ہٹایا گیا تو پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، میں اس سے پوچھتا ہوں، تم ہو کون پاکستان کو معاف کرنے والے؟ کیا ہم امریکیوں کے غلام ہیں، ہم ان کے نوکر ہیں؟ ہم ان کے نوکر یا غلام نہیں، ہم امریکیوں کے غلام نہیں، شہبازشریف اور آصف زرداری ان کے غلام ہیں، ہمیں امریکا کے غلاموں سے ملک کو آزاد کرانا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ نوجوانو! یہ پاکستان کے لیے فیصلہ کن وقت ہے، امریکا کے پٹھو، غلاموں سے ملک کو آزاد کرنا ہے، ڈاکوؤں کا ٹولہ، تھری اسٹوجز، زرداری بڑی بیماری سے ملک کو آزاد کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم الیکشن کمیشن کی جانب دیکھ رہی ہے، قوم جانتی ہے کہ کس کس نے قوم سے غداری کی، اگر الیکشن کمیشن نے ان لوٹوں کے خلاف فیصلہ نہیں دیا، ان لوگوں کو بچایا تو یہ قوم ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔