May ۱۴, ۲۰۲۲ ۲۱:۴۸ Asia/Tehran
  • عمران خان کا بڑا بیان، جان کو خطرہ ہے اس لیے ویڈیو ریکارڈ کرا دی جس میں سب کے نام ہیں

 پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے جان سے مار دینے کی سازش تیار کی جا رہی ہے اس لیے میں نے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کرا کے محفوظ جگہ پر رکھ دی ہے اور اگر مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو عوام کے سامنے آئے گی جس میں سازش کرنے والے تمام افراد کے نام ہوں گے۔

سیالکوٹ میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ساڑھے 3 سال میں پوری کوشش کی جو 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے انہیں سزا دوں۔

انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ مجھے کچھ ہوا تو عوام کو پتا چل جائے کہ کون کون لوگ میرے خلاف سازش کررہے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر مجھے کچھ ہوگیا تو سارے پاکستانیوں کو چاہتا ہوں کہ آپ کو پتہ چلے کہ کون کون اس سازش میں ملوث تھا، باہر بیٹھ کر کون اس سازش کا کردار تھا اور میرے ملک میں بیٹھ کر کس کس نے سازش کی ہے، سب کے نام لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان سب کے نام لیے ہیں، جنہوں نے یہ منصوبہ بندی کی، ایک،ایک کا نام میرے دل پر لکھا ہوا ہے کہ انہوں نے کیسے پوری منصوبہ بندی کرکے بیرون ملک سازش، جس میں اس ملک کا کرپٹ ٹولا مل کر اور کون کون مزید ان کے ساتھ تھے، انہوں نے جو میری حکومت گرائی ہے اور یہ آگے جو کرنے جا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف بند کمروں میں ملک سے باہر اور اندر سازش ہورہی ہے، چند دن پہلے مجھے علم ہوچکا ہے سازش ہورہی ہے کہ میری جان لے لی جائے گی، میں نے ویڈیو میں پلاننگ کرنے والے سب کے نام لیے ہیں، انہوں نے سمجھا ہے کہ میں ان کے راہ میں رکاوٹ ہوں اس لیے ہٹانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے عدلیہ کو مخاطب کرکے کہا کہ میں بڑی عجزی سے ایک سوال کرتا ہوں کہ آپ نے رات 12 بجے عدالت کھول دیں لیکن اربوں روپے کرپشن کرنے والوں کے لیے عدالتوں کے دروازے کیوں نہیں کھولے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ آج نواز شریف کی ن لیگ نے جو حرکت کی ہے، نواز شریف جتنے بڑے بزدل تم اتنی تمہاری پارٹی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دفعہ بھی ان کے جلسے یا ان کی لانگ مارچ روکنے کی کوشش نہیں کی، ہر 3 مہینے کے بعد یہ حکومت گرانے آتے تھے اور تمہارے ساتھ ملک کی بڑی بیماری زرداری بھی تھا اور اس کے علاوہ ڈیزل کے پرمٹ بیچنے والا بھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں پہنچنے کے لیے ایک گھنٹہ لگا کیونکہ سارے راستے بند ہیں، اس طرف قافلے آرہے اس طرف لیکن پہنچ نہیں سکتے کیونکہ انہوں نے سازش کے تحت بڑے گراؤنڈ میں جلسہ کرنے سے روکا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج تک دنیا کی تاریخ میں کبھی کوئی انقلاب کو نہیں روک سکا، یہ سیاست نہیں ہو رہی ہے، یہ انقلاب آرہا ہے، قوم تحریک آزادی کے بعد دوسری آزادی کے لیے تیار ہے اور اپنی حقیقی آزادی کی کوشش کر رہی ہے۔

حکومت کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ اس کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی ہے، ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا اور اسلام آباد پہنچ کر پرامن رہیں گے لیکن جو حرکت آج کی ہے وہ اگر یہی حرکت کروگے اور انتشار پھیلانے کی کوشش کروگے تو تمہیں پاکستان میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

ٹیگس