یہ سیاست نہیں ہو رہی، یہ انقلاب آ رہا ہے : عمران خان
پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سرکاری نوکروں کے گھر والے بھی ہمارے ساتھ اسلام آباد آرہے ہیں اور مجھے پتا ہے کہ میری فوج کے خاندان بھی ہمارے ساتھ اسلام آباد آئیں گے۔
گوجرانوالہ میں پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ 21 سال میں نے کرکٹ کھیلی مگر اسٹیڈیم میں اتنے لوگ نہیں دیکھے، مجھے پتا نہیں تھا کہ گوجرانوالہ میں اتنے لوگ تھے، پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ اسلام آباد مارچ کے لیے تیار ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ سیاست نہیں ہو رہی، یہ انقلاب آ رہا ہے، سارے ڈاکو اور مافیا ایک طرف کھڑے ہوگئے ہیں جبکہ میری قوم دوسری جانب کھڑی ہے، اسی کو انقلاب کہتے ہیں کہ جب قوم مافیا کا مقابلہ کرتی ہے، ہم ان کو شکست دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آپ سب کو اسلام آباد پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑں کے لیے بلا رہا ہوں، امریکی سازش کے تحت بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ایک جگہ جمع کرکے 22 کروڑ لوگوں کی منتخب حکومت کو گرایا گیا، ان کہنا تھا کہ پہلے سازش ہوتی ہے پھر مداخلت ہوتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ مخالفین سمجھتے تھے کہ وزیراعظم کو نکالنے پر مٹھائیاں باٹی جائیں گی مگر جب سازش کے تحت وزیراعظم کو نکالا گیا تو زندہ اور آزاد قوم سڑکوں پر نکل آئی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں 2 وجوہات کی بنا پر آپ کو اسلام آباد بلا رہا ہوں، ایک امریکی سازش کو ناک کرنا اور دوسری وجہ ملک پر مسلط بڑے بڑے ڈاکو، قاتل، لوٹیرے، منشیات فروشوں کے خلاف ساری قوم نے نکلنا ہے اور سازش کرنے والوں کو بتانا ہے کہ ہم زندہ قوم ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت ہٹائی گئی اس وقت ملک کی دولت میں اضافہ ہو رہا تھا، ملک کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا تھا، ہمارے دور کے 2 برسوں کے دوران انڈسٹری بحال ہوئی، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات زر بھیجیں، ہم نے اپنے لوگوں کو عالمی مہنگائی کے باوجود ریلیف دیا، کسانوں کو پیداوار کی اچھی قیمت دی، پوری دنیا میں کورونا کی وجہ سے تباہی پھیلی ہوئی تھی مگر ہم نے اپنے لوگوں کو ریلیف دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب ملک اوپر جا رہا تھا اس وقت ان ڈاکوؤں نے امریکی سازش میں مل کرکے ہماری حکومت گرائی، شہباز شریف نے بڑی محنت سے امریکی جوتے پالش کیے، ایک مرتبہ امریکی ایمبیسی سے خاتون آئی مریم نواز نے اسے اپنے گھر بلایا ، اس کی گاڑی کا دروازہ کھولا ۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرنا ضروری ہے کہ آپ نے لوٹوں کو فارغ کردیا، اللہ کا شکر ہے کہ گوجرانوالہ سے کوئی لوٹا نہیں ہوا، پرسوں میں ملتان جا رہا ہوں، ملتان سے بڑے لوٹے ہوئے، جنوبی پنجاب سے بڑے لوٹے ہوئے، میں پرسوں ملتان لوٹوں کا بندوبست کرنے جا رہا ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا شکریہ کہ اس نے ضمیر فروشوں کو جنہوں نے اپنے حلقے کے لوگوں سے، ملک کی جمہوریت سے غداری کی ان کو فارغ بھی کیا اور ان کو ذلیل بھی کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اللہ نے لوگوں کو جگادیا، وزارت عظمیٰ تو کچھ نہیں، وزارت عظمیٰ کو جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں، نہ میں کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نہ آپ کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا۔