پاکستان، دہشت گردوں کے ساتھ تصادم، 2 اہلکار جاں بحق
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاکستانی فوج کے 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں نے ضلع شمالی وزیرستان کے شہری علاقے میرعلی میں واقع فوجی چوکی پر فائرنگ کی۔
بیان میں کہا گیا کہ سپاہیوں نے فوری طور پر جواب دیا اور دہشت گردوں کو اسی مقام پر مؤثر طور پر مصروف رکھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس کی کارروائی کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ آئی ایس پی آر نے 19 مئی کو بھی ایک بیان میں بتایا تھا کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں دھماکے میں ایک فوجی جاں بحق ہوگیا تھا۔
اس سے قبل 17 مئی 2022 کو ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی تھی جہاں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔