پاکستان حکومت اور اپوزیشن کی محاذ آرائی میں شدت
پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان محاذ آرائی شدت اختیار کرگئی ہے اور مسلم لیگ نون کی مخلوط حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مارچ روکنے کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ کو ہرحال میں دارالحکومت کی جانب مارچ کیا جائے گا۔
پیشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کابینہ کا ہمیں روکنے کا فیصلہ غیر قانونی ہے اور ہم کل ہرحال میں اسلام آباد کے لیے نکلیں گے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نون کی قیادت والی مخلوط حکومت نے تحریک انصاف کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ سے روکنے کا اعلان کیا ہے۔اتحادی جماعتوں کے اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کو لانگ مارچ کے نام پر بقول ان کے فتنہ و فساد کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انہیں روکا جائے گا۔
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ حکومت پاکستان نے دارالحکومت میں دو ماہ کے لیے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی ہے اور ریڈ زون کو فوج کے حوالے کئے جانے کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کل، پچیس مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے۔