مارچ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ذمہ داری نوجوانوں کی ہوگی: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے یوتھ ونگ سے کہا ہے کہ مارچ میں حائل کی جانے والی رکاوٹیں ہٹانے کا کام نوجوانوں کا ہوگا۔
پشاور میں یوتھ ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم ایک پرامن احتجاج کر رہے ہیں اور اس کے اوپر انہوں نے کریک ڈاؤن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ سے کہتا ہوں یہ آپ کا امتحان ہے، پاکستان کی پولیس کا امتحان ہے کہ کون سی پولیس قانون کے مطابق چلتی ہے اور کون سی پولیس ان کرپٹ لوگوں کے احکامات پر غیرقانونی چیزیں کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی اور ہمارے نیوٹرلز کا امتحان ہے کہ وہ کدھر کھڑے ہیں، چوروں کے ساتھ کھڑے ہیں، امریکیوں کے نوکروں کے ساتھ کھڑے ہیں یا پاکستان کی حقیقی آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں، سب کا امتحان ہے۔
نوجوانوں کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ کل میں آپ کو قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد لے کر جاؤں گا، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلوس لے کر پختونخوا سے اسلام آباد کے لیے نکلوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ میرے سامنے ساری یوتھ ہوگی، ساری رکاوٹیں ہٹائیں گے اور پھر سے کہتا ہوں کہ ساڑھے تین سال میں ہم نے کبھی کوئی رکاوٹ، کسی قسم کی پکڑ دھکڑ نہیں کی اور ان کے لانگ مارچ اور جلوس کی اجازت دی، اسی لیے سب کا امتحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی اس عوام کے سمندر کو روکنے کی کوشش کرے گا وہ بہہ جائے گا، قوم بیدار ہے، قوم سمجھ گئی ہے۔
قبل ازیں پشاور میں پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کی طرف سے آزادی مارچ روکے جانے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے لیے فیصلہ کن وقت ہے، ادھر سے ہم کدھر جاتے ہیں وہ فیصلہ کرے گا کہ ہم کس طرح کے پاکستان میں رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ فاشسٹ حکومت جس کی ہمیں ساری تاریخ پتا ہے انہوں نے ہمیشہ ایسی چیزیں کی ہیں۔