May ۲۵, ۲۰۲۲ ۲۲:۲۳ Asia/Tehran
  •  عمران خان کا نئے انتخابات کی تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد کے ڈی چوک میں قیام کا عزم

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اور ان کے حامی اسلام آباد کے ڈی چوک کو اس وقت تک خالی نہیں کریں گے جب تک 'امپورٹڈ حکومت' کی جانب سے نئے انتخابات کی حتمی تاریخ نہیں دی جاتی۔

عمران خان کا یہ بیان ان کے حسن ابدال میں ایک مختصر قیام کے دوران شرکا سے خطاب کے دوران سامنے آیا ہے، حسن ابدال دارالحکومت اسلام آباد سے تقریباً 50 کلومیٹر دور ہے جب کہ ان کے سیکڑوں حامی راستے میں موجود رکاوٹوں کے باوجود اپنے قائد سے قبل ڈی چوک پہنچ گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں مارچ کا مرکزی قافلہ 6 بجے اٹک پل پر حکومت پنجاب کی جانب سے کھڑی کی گئیں رکاوٹیں ہٹانے کے بعد پنجاب کی حدود میں داخل ہوگیا تھا۔

حسن ابدال میں حقیقی آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم جلد اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچ رہے ہیں، ہمارے ساتھ عوام کا سمندرہے، ڈی چوک میں موجود لوگ وہاں میرا انتظار کریں، میں وہاں آرہا ہوں، شیلنگ کرنے والی پولیس جب ہمیں دیکھے گی تو سمجھ جائے گی کہ یہ لوگ جہاد کرنے آرہے ہیں، سیاست نہیں جہاد کرنے آئے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک ہم امپورٹڈ حکومت سے انتخابات کی تاریخ نہیں لے لیتے، ہم وہاں سے نہیں آئیں گے۔

دوسری جانب ریڈ زون میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے داخلے پر رد عمل دیتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ ریڈ زون میں کسی کو آنے کی ہرگز اجازت نہیں، اگر کسی نے ریڈ زون آنے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہ کہ ریڈ زون کے علاوہ دیگر مقامات پر افسران کو ہدایات ہیں کہ قوت کا استعمال نہ کریں۔

آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان کا کہنا ہے کہ مظاہرین سے اپیل ہے کہ پرامن رہیں، پولیس پر پتھراؤ اور املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔

ٹیگس