May ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran
  • عمران خان کا حکومت کو الٹی میٹم، 6 روز میں انتخابات کا اعلان اور اسمبلی تحلیل کی جائے

عمران خان نے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے 6 روز میں انتخابات کرانے اور اسمبلی تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے قافلے کے ہمراہ اسلام آباد کی حدود میں داخل ہوکر پہلے خطاب میں الٹی میٹم دیا ہے کہ حکومت 6 روز میں عام انتخابات کا اعلان اور اسمبلی تحلیل کریں ورنہ ایک مرتبہ پھر 30 لاکھ لوگوں کو لے کر اسلام آباد واپس آؤں گا۔

جناح ایونیو پر عوام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سارے پاکستانی پہلی مرتبہ متحد دیکھے ہیں، جس طرح آنسو گیس کا مقابلہ کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، ہماری قوم خوف سے آزاد ہوگئی ہے اور اب امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس آزادی کی تحریک کو ناکام کرنے کے لیے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا، اب ہماری قوم مجرموں کو حکومت کرنے کی اجازت نہیں دے گی، موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا بیٹا حمزہ شہباز سنگین جرائم کے مرتکب ہیں اور انہیں ملک کی بھاگ دوڑ دے دی گئی۔

انہوں نے سپریم کورٹ کو مخاطب کرکے کہا کہ گزشتہ رات سے ابتک 5 کارکنوں کو جاں بحق کردیا گیا، ہم پر امن احتجاج کے لیے نکلے ہیں اور کبھی انتشار کی ترغیب نہیں دی، ہمارے جلسوں میں ہمیشہ فیملیز آتی ہیں، احتجاج میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ان پر آنسو گیس کا آزادانہ استعمال کیا اس لیے سپریم کورٹ پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کا نوٹس لے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کے کارکنان اور عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلے، جو رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں، شرکا کو روکنے کے لیے انتظامیہ بھی متحرک نظر آئی جس کے باعث کراچی، لاہور، راولپنڈی میں تصادم بھی ہوا۔

 

ٹیگس