پاکستانی وزیر اعظم کا اعتراف، ملک پر قرضوں کا بہت زیادہ بوجھ ہے
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرضوں کا اتنا بوجھ ہے کہ شاید ہماری نسلیں بھی یہ قرضے نہ اتار سکیں لیکن ہمیں اللہ تعالیٰ پر بھروسہ ہے، ہم نواز شریف کی قیادت میں دن رات محنت کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعظم شہباز شریف کا مانسہرہ جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ پشاور کو لاہور کی طرح ترقی دلانی ہے تو آپ کو فیصلہ کرنا ہوگا، اس شخص سے نجات حاصل کرنا ہوگی جو انا پرست ہے، جو یوٹرن لیتا ہے، اس کے دور میں مہنگائی آسمانوں سے باتیں کرتی رہی۔
شہباز شریف نے کہا آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ زندگی لگا دوں گا اور آپ کو خوشحال بناؤں گا۔
انہوں نے مانسہرہ میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کالج سے ڈاکٹر بن کر عوام کی خدمت کریں۔
ان کا کہنا تھا مانسہرہ اور گرد و نواح کے علاقوں کی ترقی اور گلی محلوں کے مسائل کے لیے ایک ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کرتا ہوں، اسی طرح ہزارہ کے لیے علیحدہ الیکٹرک کمپنی کا مطالبہ کیا گیا ہے، میں یہاں ہزارہ کی الیکٹرک کمپنی کا اعلان کرتا ہوں جس کے آپ کو بے پناہ فوائد ملیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگلے بجٹ میں نوجوانوں کے لیے، بیٹے، بیٹیوں کے لیے فری لیپ ٹاپ مہیا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ ہزارہ موٹروے سے گزرتے ہیں اور نواز شریف کو دعائیں دیتے ہیں، میں جب ہزارہ موٹروے سے گزرا تو نواز شریف کو دعائیں دیں، ملتان ۔ سکھر موٹروے کا 2016 میں آغاز کیا اور اس کی تعمیر اپنے دور میں مکمل کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز خیبرپختونخوا نے انتشار اور فتنے پر مبنی مارچ کو ایبسولٹی ناٹ کہہ کر مسترد کردیا۔
مریم نواز نے مانسہرہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ناکام ترین دھرنے کا اصل مقصد فتنہ اور انتشار تھا، خیبر پختونخوا کے عوام کی محنت اور خون پسینے کی کمائی پانی کی طرح بہا دی، خیبرپختونخوا کے مسائل پر آپ کا حق تھا جس سے سڑکیں، ہسپتال، اسکول و کالج بننے چاہیے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری ہمدردیاں سعید احمد جان کے ساتھ ہیں، وہ انتشار کی سیاست کی نذر ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ جس ہیلی کاپٹر میں عمران خان دھرنے میں آیا وہ خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر تھا، ساری گاڑیاں خیبر پختوانخوا، کشمیر کی نمبر پلیٹ والی گاڑیاں تھیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کرینیں اس لیے واپس چلی گئیں کیونکہ عوام تو آئے نہیں، خیمے بھی خیبرپختونخوا حکومت کے تھے جو واپس کیے گیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جسے انقلاب کا نام دیتا ہے اس لیے بھی ناکام ہوگیا کہ قوم کے بچے سڑکوں پر مرنے کے لیے جبکہ اس کے بچے لندن میں بیٹھے ہوئے تھے.
انہوں نے کہا کہ انقلاب ہیلی کاپٹر یا سرکاری گاڑیوں یا پیراشوٹ سے نہیں آتا، انقلاب آدھے راستے یوٹرن لینے سے نہیں آتا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ انقلاب اس طرح آتا ہے کہ جب نواز شریف، مشرف کے ریاستی جبر اور پولیس کی رکاوٹوں کے باوجود جب نکلتا ہے تو گوجرانوالہ پہنچنے سے پہلے ججز بحال ہو جاتے ہیں۔