پاکستان میں بجلی کی قیمت بڑھانے کی منظوری
پاکستان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی قیمت بڑھانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیئم ایندھنوں کی قیمتوں میں تیس روپے فی لیٹر تک کے، اضافے کے بعد اب جولائی میں بجلی کے نرخ بڑھانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق نیپرا نے بجلی کی قیمت تین روپے ننانوے پیسے فی یونٹ بڑھانےکی منظوری دے دی ہے۔ اس سے پہلے یکم جولائی سے بجلی کا فی یونٹ نرخ آٹھ روپے منہگا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
چند روز پہلے نیپرا نے کراچی والوں کے لیے فی یونٹ بجلی چار روپے تراسی پیسے مہنگی کی تھی۔ اس کا اطلاق صرف جون کے بلوں پر ہوگا۔لائف لائن صارفین اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ پورے پاکستان میں بجلی کا بحران جاری ہے اور مختلف علاقوں میں بارہ سے پندرہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ دوسری جانب اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکومت نے تیل اور گھی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرکے عوام کو ایک اور صدمے میں مبتلا کردیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گھی دو سو آٹھ روپے کے اضافے کے ساتھ پانچ سو پچپن روپے فی کلو اور خوردنی تیل دو سو تیرہ روپے کے اضافے کے ساتھ چھے سو پانچ روپے فی کلو پر پہنچ گیا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن یو ایس سی، کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ کراچی میں یو ایس سی نے نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے، گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔
تاہم عہدیدار نے قیمتین بڑھنے کی وجوہات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، جس کا کوئی پرسان حال نہیں اور قیمتیں بڑھنے سے صارفین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔