پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنی پارٹی کے منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم نے اپنے وکیل فیصل چوہدری کے توسط سے عدالت میں درخواست دائر کی جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور رکن قومی اسمبلی راجا ریاض کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کا 'یہ غیر قانونی فیصلہ صوابدیدی، غیر قانونی، قانونی مواد سے خالی ہے اور اس میں قانون اور آئین کے قائم شدہ اصولوں کی توہین کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ غیر قانونی حکم آرٹیکل 63 اے کو ناکارہ کرنے کے مترادف ہے، جس سے انحراف، ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کی اجازت دی جاتی ہے، مزید یہ غیر قانونی حکم آرٹیکل 63 اے کے مقصاد کو الفاظ کے ساتھ ساتھ روح میں بھی شکست دیتا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا ریفرنس خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں منحرف اراکین سے متعلق درخواست دائر کردی گئی تھی۔
دائر کی گئی درخواست میں پی ٹی آئی نے 20 ارکان قومی اسمبلی کے خلاف آئین کے آرٹیکل 63 اے کے تحت نااہلی کے لیے ڈیکلریشن اور ریفرنس دائر کیے تھے جسے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 20 منحرف ارکان کو تاحیات نا اہل کرنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے خارج کردی تھیں۔