بلوچستان میں مزدوروں کے کیمپ پر فائرنگ، 3 مزدور جاں بحق متعدد زخمی
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے نواح میں مزدوروں کے کیمپ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 مزدور جان کی بازی ہار گئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق فائرنگ سے 3 مزدور جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار فائرنگ کی جگہ پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق کیمپ میں 100 کے قریب مزدور موجود تھے، اس کے علاوہ حملہ آوروں نے مزدوروں کے کیمپ اور مشینری کو بھی آگ لگا دی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے ہرنائی کے قریب مزدورں کے کیمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور وہ جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، گوادر اور مچھ میں مزدوروں پر فائرنگ کے کئی واقعات رونما ہو چکے جن میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔