پاکستان اور سعودی عرب ایک جان، دو قالب ہیں : شہباز شریف
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو معاشی شراکت داری میں بدلا جائے۔
سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان، دو قالب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے سعودی بھائیوں کو ہمارے دوسرے گھر سعودی عرب سے ان کے دوسرے گھر پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے بغیر کسی سیاسی تفریق کے پاکستان کی ہمیشہ مالی، سفارتی اور ہر شعبے میں غیر مشروط حمایت کی ہے، جس پر ہم سعودی شاہی خاندان کے شکر گزار ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں مؤخر ادائیگی پر تیل دیا، گزشتہ برسوں کے دوران بھی فیاضی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اربوں ڈالر سے سعودی فرماں روا اور ولیعہد نے پاکستان کی مدد کی، جس سے آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان نے بہت سی مؤثر اصلاحات متعارف کروائی، اصلاحات سے سعودی عرب نئی ترقی کی منزل کی جانب گامزن ہو رہا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا، ہم نے مختلف شعبوں میں تجارت میں اضافے کے حوالے سے بات چیت کی، خاص طور پر پاکستان کے مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری سے متعلق بات چیت کی گئی جس کے ذریعے سعودی سرمایہ کار منافع کما سکیں، ان کی سرمایہ کاری کو ریاستی قوانین کے مطابق مکمل تحفظ فراہم کیا جائےگا، اس طرح سے سعودی سرمایہ کار پاکستان سے منافع کما سکتے ہیں۔